(یو این آئی) ہندوستان اور افغانستان نے اپنے دیرینہ اور طویل تعاون اور دوستانہ تعلقات کو اور مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے آج کہا کہ دنیا کے سامنے سب سے بڑی آزمائش کی شکل اختیار کر لینے والی دہشت گردی کا دونوں مل کر مقابلہ کریں گے۔
دورے پر آئے افغانستان کے صدر ڈاکٹر محمد اشرف غنی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان آج یہاں دو طرفہ بات چہت کے بعد دونوں رہنماؤں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں علاقے کے امن، استحکام اور ترقی کے لئے دہشت گردی کو سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتے ہوئے ہر شکل میں اس برائی کو جڑ سے ختم کرنے کی ضرورت پر
زور دیا گیا اور کہا گیا کہ اس کے لئے دونوں ممالک باہمی سیکورٹی اور دفاعی میدان میں تعاون بڑھائیں گے. دونوں ممالک نے اس کے ساتھ ہی ہر طرف سے دہشت گردی کو سرپرستی اور تحفظ دینے والی سرگرمیوں پر لگام لگانے کی اپیل کی۔
اس موقع پر افغانستان کی جدت کاری ، اقتصادی اور سیاسی تبدیلی کے عمل کو کامیاب بنانے میں ہند کی شراکت پر بھی زور دیا گیا. ساتھ ہی افغانستان میں تعلیم، توانائی، صحت، بنیادی ڈھانچہ، ہنر مندانہ ترقی، خواتین کو بااختیار بنانے اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے ہندستان کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی مالی مدد کا اعلان بھی کیا گیا۔